امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں نشے کی حالت میں نئی نویلی دلہن کو اس کی شادی کی رات کچل کر ہلاک کرنے کے جرم میں طویل قید کی سزا کاٹنے والی خاتون کی گرفتاری کے بعد پولیس اسٹیشن کے اندر کی ویڈیو سامنے آگئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق 2023 میں ایک نوبیاہتا دلہن کی ہلاکت کا سبب بننے والی جیمی کوموروسکی کی گرفتاری کے بعد کی نئی ویڈیو جاری کر دی گئی ہے۔
جس میں وہ بار بار اپنے والد کو فون کرنے کی اجازت مانگتی نظر آتی ہے، جبکہ ویڈیو میں جیمی کوموروسکی پولیس افسر سے کہتی ہے کہ میں ابھی اپنے والد کو فون کرنا چاہتی ہوں، جو میرا قانونی حق ہے۔
یہ واقعہ 28 اپریل 2023 کو جنوبی کیرولائنا کے فولی بیچ میں پیش آیا، جب جیمی کوموروسکی نے تیز رفتاری اور نشے کی حالت میں اپنی گاڑی ایک گالف کارٹ سے ٹکرا دی، جس میں اپنی شادی کی تقریب سے روانہ ہونے والے نوبیاہتا جوڑا اور ان کے رشتہ دار سوار تھے۔
حادثے میں نوبیاہتا دلہن 34 سالہ سمانتھا ملر موقع پر ہی ہلاک ہوگئی، جبکہ اس کا شوہر ایرک ہچنسن اور دو دیگر رشتہ دار شدید زخمی ہوئے تھے۔
تحقیقات کے مطابق جیمی کوموروسکی کے خون میں الکحل کی مقدار کافی پائی گئی تھی، جبکہ وہ 25 میل فی گھنٹہ کی مقررہ حد والے علاقے میں تقریباً 65 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہی تھی۔
بعد ازاں ملزمہ نے نشے کی حالت میں گاڑی چلا کر موت کا سبب بننے، شدید زخمی کرنے کے دو الزامات اور لاپرواہی سے قتل کے جرم کا اعتراف کیا۔
دسمبر 2024 میں عدالت نے اسے 25 سال قید کی سزا سنائی۔ نئی جاری ہونے والی گرفتاری کی ویڈیو میں وہ بار بار اپنے والد سے بات کرنے کا مطالبہ کرتی ہے اورخون میں الکحل کی مقدار کا ٹیسٹ کروانے سے بھی انکار کرتی دکھائی دیتی ہے۔