بھارتی شہر چنئی میں ایک دل دہلا دینے والے قتل کیس میں پولیس نے لاش کی شناخت صرف دو ٹیٹو اور زیورات کی مدد سے کی جس کے بعد معلوم ہوا کہ مقتولہ ایک ابھرتی ہوئی تامل اداکارہ سندھیہ ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چنئی میں کچرے کے ڈھیر کے قریب ایک پلاسٹک بیگ سے انسانی انگلیاں باہر نظر آنے پر شہریوں نے پولیس کو اطلاع دی، بیگ کھولنے پر اس میں سے ایک کٹا ہوا ہاتھ اور ٹانگیں برآمد ہوئیں۔
بعد میں شہر کے مختلف علاقوں سے مزید پلاسٹک بیگز ملے جن میں انسانی ہڈیاں، اعضاء اور جسم کے دیگر حصے موجود تھے۔
پوسٹ مارٹم سے معلوم ہوا کہ یہ ایک ہی خاتون کی لاش ہے جسے قتل کے بعد تیز دھار آلے سے ٹکڑے ٹکڑے کیا گیا تاہم لاش کا سر اور بایاں ہاتھ نہیں مل سکا جس کی وجہ سے شناخت انتہائی مشکل ہو گئی۔
تفتیش کے دوران پولیس کی نظر مقتولہ کے دائیں ہاتھ پر بنے دو منفرد ٹیٹوز پر پڑی، ایک ٹیٹو پر ہندو دیوتا شیو اور دیوی پاروتی کی تصویر بنی تھی جبکہ دوسرا ٹیٹو ڈریگن کا تھا۔
اسی دوران ایک خاتون نے پولیس اسٹیشن میں اپنی بیٹی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی، خاتون نے بتایا کہ میری بیٹی 37 سالہ ابھرتی تامل اداکارہ سندھیہ ہے جو چنئی میں اپنے شوہر اور دو بچوں کے ساتھ رہتی ہے۔
سندھیہ کی والدہ نے بتایا کہ میرے داماد نے کہا تھا کہ سندھیہ گھر سے باہر گئی ہے مگر وہ تاحال گھر نہیں پہنچی۔
پولیس نے سندھیہ کے خاندان کو برآمد شدہ اعضاء کے شناختی نشانات دکھائے جس پر مقتولہ کی والدہ نے اپنی بیٹی کو پہچان لیا، بعد ازاں ڈی این اے ٹیسٹ نے بھی تصدیق کر دی کہ کچرے سے ملنے والے اعضاء سندھیہ کے ہی ہیں۔
شناخت کے بعد پولیس نے سندھیہ کے شوہر بالاکرشنن سے تفتیش شروع کر دی، ابتدائی طور پر مقتولہ کے شوہر نے دعویٰ کیا کہ سندھیہ گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی اور واپس نہیں آئی تاہم پولیس کے مطابق سندھیہ کے شوہر کے بیانات میں تضاد سامنے آیا ہے۔
بعد ازاں مزید تحقیقات کے دوران پولیس نے دعویٰ کیا کہ بالاکرشنن نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق سندھیہ اور بالاکرشنن کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، بالاکرشنن نے مبینہ طور پر کلہاڑی سے حملہ کر کے سندھیہ کو قتل کر دیا اور بعد میں اس نے لاش کے ٹکڑے کیے جنہیں مختلف مقامات پر پلاسٹک کے تھیلوں میں پھینک دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے قتل کی گتھی سلجھا لی ہے، مقتولہ کی شناخت کر لی اور لاش کے بیشتر حصے بھی برآمد کر لیے ہیں لیکن سندھیہ کا سر اور بایاں ہاتھ تاحال نہیں مل سکا ہے۔