بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی آنے والی فلم کنگ سے منسوب ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس نے مداحوں میں زبردست تجسس پیدا کر دیا ہے۔
وائرل ہونے والی تصویر میں شاہ رخ خان کو ایکشن سے بھرپور انداز میں دکھایا گیا ہے، وہ سیاہ لباس میں خون میں لت پت نظر آ رہے ہیں، جبکہ ان کے ہاتھ میں لوہے کی راڈ موجود ہے، تصویر میں ان کے اردگرد کئی افراد بھی زمین پر گرے دکھائی دیتے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ کسی ایکشن سین کا حصہ ہو سکتا ہے۔
اگرچہ فلم کے پروڈیوسرز یا ہدایت کار کی جانب سے اس تصویر کی تصدیق نہیں کی گئی، تاہم یہ تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے اور مداح اس پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔
اس سے قبل بھی فلم کنگ کی بین الاقوامی شوٹنگ کے دوران کئی تصاویر اور ویڈیوز آن لائن سامنے آ چکی ہیں، جن میں شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون مختلف مقامات پر شوٹنگ کرتے اور رومانوی مناظر فلم بند کراتے دکھائی دیے تھے۔
تازہ وائرل تصویر نے فلم کے ایکشن سے بھرپور ہونے کی جھلک پیش کرتے ہوئے شاہ رخ خان کے کردار کے حوالے سے مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔
فلم کنگ کی خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ پہلی بار شاہ رخ خان اور ان کی صاحبزادی سہانا خان کی ایک ساتھ بڑی اسکرین پر نمائش ہونے والی فلم ہوگی۔
فلم کی کاسٹ میں ابھیشیک بچن، دیپیکا پڈوکون، رانی مکھرجی، ابھی ورما، راگھو جویال، انیل کپور، ارشد وارثی، جیکی شروف اور جیدیپ اہلاوت بھی شامل ہیں۔