Table of Contents
امریکی ریاست مشی گن میں خوراک سے پھیلنے والی سائیکلوسپورا کی وباء سے 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی۔
امریکا کے محکمۂ صحت کے مطابق سائیکلوسپورا کی وباء سے ہلاک ہونے والے دونوں افراد پہلے سے سنگین بیماریوں میں مبتلا تھے، سائیکلوسپورا انفیکشن اور شدید پانی کی کمی ان کی موت کا سبب بنے۔
ریاست مشی گن میں 11 ہزار 234 مشتبہ اور تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 193 ہے جبکہ پورے امریکا میں 6 ہزار 700 سے زائد تصدیق شدہ اور 11,500 سے زیادہ مشتبہ کیسز زیرِ تحقیقات ہیں۔
سائیکلوسپورا کیا ہے؟
ماہرین کے مطابق یہ بیماری ایک خردبینی جاندار (microscopic parasite) کے باعث ہوتی ہے جو آلودہ خوراک یا پانی کے ذریعے جسم میں داخل ہوتا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں آلودہ سلاد کے پتے اور دیگر تازہ سبزیوں کو ممکنہ ذریعہ قرار دیا گیا ہے تاہم حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
سائیکلوسپورا کی علامات کیا ہیں؟
سائیکلوسپورا انفیکشن کی عام علامات میں مسلسل یا شدید دست، متلی، قے، پیٹ میں درد، اپھارہ، بھوک میں کمی، تھکن، ہلکا بخار اور وزن میں کمی شامل ہے۔
بروقت علاج نہ ہونے پر شدید پانی کی کمی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، یہ وباء بزرگ افراد، کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے مریضوں اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے زیادہ خطرناک قرار دی جا رہی ہے۔
امریکی محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق وباء کے اصل ذرائع کی تلاش جاری ہے۔
احتیاطی تدابیر
امریکی حکام نے شہریوں کو پھل اور سبزیاں اچھی طرح دھونے، فلٹر کا پانی استعمال کرنے، ہاتھوں کی صفائی کا خیال رکھنے اور مسلسل دست یا پانی کی کمی کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔