وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ نے سینئر ٹی وی اداکار محمد احمد کے ساتھ ایک ڈرامے کے سیٹ پر پیش آنے والے مبینہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے فنکاروں کے لیے مینٹور شپ پروگرام متعارف کرانے کی تجویز پیش کر دی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے ٹی وی انڈسٹری میں بہتر رہنمائی اور پیشہ ورانہ ماحول کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے نے لکھا ہے کہ ڈرامے کے سیٹ پر سینئر ٹی وی فنکار محمد احمد کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ ناصرف قابلِ مذمت بلکہ انتہائی افسوس ناک ہے۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا ہے کہ میں اس مسئلے کے حل کے طور پر ایک مینٹور شپ پروگرام تجویز کرنا چاہوں گا، جس کی سربراہی محمد احمد صاحب جیسے سینئر فنکار کریں، یا اسی طرز پر ایک کونسل قائم کی جائے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ اس تجویز پر مشاورت کے لیے ٹیلی وژن فنکاروں کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سینئر فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ نوجوان اداکاروں کی رہنمائی کریں اور ملکی شوبز انڈسٹری میں زیادہ باوقار، بااحترام اور پیشہ ورانہ ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیرِ اطلاعات کا یہ بیان چند روز قبل محمد احمد کی جانب سے ایک پوڈکاسٹ میں بیان کیے گئے واقعے کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک ڈرامے کے مرکزی کردار ادا کرنے والے نسبتاً کم عمر اداکار نے شوٹنگ کے دوران ان کا مذاق اڑایا تھا۔