امریکی جوہری سائنسدان اینڈریو ہگ کی عوامی مقام پر خفیہ امور پر کی گئی حساس گفتگو کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
ویڈیو میں اینڈریو نے امریکا کی مستقبل کی پلاننگ، جوہری نظام اور کیمیائی ہتھیاروں سمیت انہتائی حساس امور پر گفتگو کی، خفیہ طور پر بنائی گئی ویڈیو میں اینڈریو ہگ نے ایران کے نئے سپریم لیڈر کو قتل کرنے کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر مجتبیٰ خامنہ ای نہیں بدلتے تو ہاں انہیں مار دیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں اینڈریو نے کہا کہ امریکا کا ایران میں جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔ اینڈریو ہگ نے ایران میں امریکی حملوں میں بچوں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد اینڈریو ہگ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، اس سارے معاملے پر اب تک پینٹاگون اور امریکی محکمہ جنگ کا کوئی رد عمل نہیں آیا ہے۔