بال ٹیمپرنگ سینڈ پیپر اسکینڈل کے معاملے پر آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کپتان پیٹ کمنز کی حمایت میں سامنے آ گئے۔
جوش ہیزل ووڈ نے کہا ہے کہ پیٹ کمنز بہترین لیڈر ہیں اور ٹیم کے تمام کھلاڑی ان کے بارے میں یہی رائے رکھتے ہیں، پیٹ کمنز کو آسٹریلوی ٹیم کی قیادت سے ہٹایا گیا تو اپنے مستقبل پر غور کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پیٹ کمنز کی کپتانی میں گزشتہ 5 سے 6 سال کے دوران ٹیم میں نمایاں بہتری آئی ہے، کپتان نے ٹیم کو اس مقام پر پہنچایا جہاں بال ٹیمپرنگ جیسے واقعے کا دوبارہ امکان نہیں، پیٹ کمنز کو گزشتہ چند روز سے مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔
جوش ہیزل ووڈ کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز کی بطور کپتان خدمات قابلِ تعریف ہیں اور میں ان کی حمایت کرتا ہوں، 2018ء کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے منصوبے کا حصہ نہیں تھا، مجھے نہ سینڈ پیپر کے استعمال کا علم تھا اور نہ ہی گیند سے چھیڑ چھاڑ کے منصوبے کا حصہ تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ بال ٹیمپرنگ سے متعلق تحقیقات کے دوران دیا گیا بیان آج بھی درست سمجھتا ہوں، کسی بات کا اندازہ ہونا اور حقیقت میں اس کا علم ہونا 2 الگ چیزیں ہیں، پیٹ کمنز کو کپتانی سے ہٹانے کی صورت میں آسٹریلوی ٹیم کے لیے نئے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ کی کتاب میں انکشافات کے بعد 8 برسوں کے بعد بال ٹیمپرنگ کیس نے ہلچل مچا رکھی ہے، انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بال ٹیمپرنگ کے بارے میں سب کو علم تھا۔
اس کے بعد ڈیوڈ وارنر، کیمرون بینکرافٹ اور چیڈ سئیر نے عثمان خواجہ کے دعوے کو سپورٹ کیا تھا۔
بعدازاں کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے دعوے کی نفی کی تھی۔