بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا کی جانب سے اداکار نوازالدین صدیقی سے متعلق مبہم انسٹاگرام پوسٹ نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔
دیا مرزا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں نوازالدین صدیقی کو کام کرنے کے حوالے سے ایک مشکل شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کے رویے اور اندازِ گفتگو پر تنقید کی، تاہم انہوں نے اپنے بیان کی وجہ واضح نہیں کی۔
پوسٹ میں اداکارہ نے لکھا ہے کہ نوازالدین صدیقی کے ساتھ کام کرنا ایک ڈراؤنا تجربہ ہے، انہیں بات کرنے کی تمیز نہیں اور ان کا رویہ بھی الگ ہی سطح کا ہے۔
دیا مرزا نے اپنی پوسٹ میں نوازالدین صدیقی کو ٹیگ بھی کیا ہے۔
اداکارہ کے اچانک بیان کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی، جبکہ نوازالدین صدیقی نے بھی اس پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
دیا مرزا کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے مختلف قیاس آرائیاں شروع کر دیں۔
بعض صارفین نے اسے دونوں فنکاروں کے کسی نئے منصوبے کی تشہیری مہم قرار دیا، جبکہ کچھ نے اس اندازِ تشہیر پر تنقید کی۔