بالی ووڈ فلم ساز کرن جوہر نے اپنی مقبول فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے مداحوں میں ایک بار پھر جوش پیدا کردیا۔
اداکارہ کرینہ کپور اور اداکار ہریتھک روشن اپنے مشہور کرداروں پُو اور روہن میں دوبارہ نظر آگئے۔
کرن جوہر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں 2001ء کی مقبول فلم کے مناظر اور کرداروں کی یادیں تازہ کر دی گئیں۔
ویڈیو میں کرینہ کپور اپنے مشہور کردار پُو اور ہریتھک روشن روہن کے روپ میں دکھائی دیے۔
ویڈیو میں پُو کا میک اپ کرنے کا انداز، ان کی مخصوص سرخ سینڈل اور روہن کی چمڑے کی جیکٹ بھی دکھائی گئی۔
ویڈیو کے اختتام پر 19 نومبر 2026ء کی تاریخ دکھائی گئی، جس کے بعد مداحوں میں یہ تجسس پیدا ہوگیا کہ آیا فلم کے حوالے سے کوئی نیا منصوبہ یا سرپرائز سامنے آنے والا ہے۔
کرن جوہر نے پوسٹ کے ساتھ لکھا ہے کہ کچھ کہانیاں 25 سال بعد بھی ختم نہیں ہوتیں، تاہم کرن جوہر نے ابھی تک اس حوالے سے تفصیلات ظاہر نہیں کیں، جبکہ فلم کے سیکوئل یا کسی ویب سیریز کی بھی تصدیق نہیں کی گئی۔