بیٹی کی جانب سے فوٹوگرافرز کو نازیبا اشارے کیے جانے کے بعد آنجہانی بالی ووڈ ہدایتکار سنجے گپتا کی بیوہ نے معذرت کرلی جبکہ رازداری کی درخواست بھی کر ڈالی۔
نامور ہدایتکار سنجے گپتا کی 59 برس کی عمر میں ممبئی میں واقع اپنے گھر میں اچانک گرنے اور سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث موت واقع ہوئی۔
ان کی آخری رسومات کے موقع پر ایک ناخوشگوار واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاپارازی (فوٹوگرافرز) کی شدید بھیڑ اور ہجوم سے تنگ آ کر ان کی بیٹی نے گاڑی کے اندر سے غیر اخلاقی اشارہ کر دیا۔
سنجے گپتا کی آخری رسومات کے بعد جب ان کے اہل خانہ گاڑی میں بیٹھ کر جا رہے تھے تو فوٹوگرافرز نے گاڑی کو گھیرا ہوا تھا۔ اس دورانیے میں ان کی نوعمر بیٹی دالائی نے اپنا چہرہ جیکٹ سے چھپانے کی کوشش کی اور شدید کوفت میں پاپارازی کو نامناسب اشارہ دکھا دیا۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو پر ملا جلا ردِعمل سامنے آیا جہاں کچھ لوگوں نے رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ اکثریت نے صدمے سے ڈوبے خاندان کی رازداری کا احترام نہ کرنے پر فوٹوگرافرز کو قصوروار ٹھہرایا۔
ڈائریکٹر ملاپ زویری نے سنجے گپتا کی بیوہ انورادھا لیکھی کا بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے تعزیت کرنے والوں اور شائقین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ان کے بچوں نے اچانک اپنے والد کو کھو دیا اور وہ اس ناقابلِ تلافی نقصان اور شدید صدمے سے گزر رہے ہیں۔
انورادھا نے وضاحت کی کہ ان کے بچے گلیمر اور کیمروں کی دنیا سے دور رہے ہیں، لہٰذا اتنے دکھ کے موقع پر میڈیا کی اچانک مداخلت نے انہیں گہرا ذہنی دباؤ دیا۔ اس پریشانی میں اگر ان کے بچوں سے کوئی ناخوشگوار ردِعمل ظاہر ہوا ہے تو اس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔
انہوں نے عوام اور میڈیا ہاؤسز سے التجا کی کہ بچوں کے اس ردِعمل کو ایک سوگوار اور ٹوٹے ہوئے بچے کی جذباتی کیفیت کے طور پر دیکھا جائے اور ان کی ایسی ویڈیوز کو سوشل میڈیا سے ہٹا دیا جائے تاکہ ان کے ذہنوں پر کوئی دائم نقش نہ رہے اور انہیں سکون سے غم منانے کا موقع دیا جائے۔