پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی نے فلموں کے خلاف مبینہ طور پر پیڈ پروپیگنڈا کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
فیصل قریشی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کسی بھی فلم کے خلاف پیڈ پروپیگنڈا بڑا تکلیف دہ ہے اور اس کا نقصان پوری فلم انڈسٹری کو اُٹھانا پڑتا ہے، اس طرح کا پروپیگنڈا کرنے والے اپنا فائدہ سوچ لیتے ہیں لیکن اس کا نقصان کتنے لوگوں کو ہوتا ہے یہ کوئی نہیں سوچتا۔
اداکار نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ ایک فلم جمعے کے دن ریلیز ہوتی ہے، لیکن اگلی ہی صبح اس فلم کے خلاف منفی تبصرے سامنے آنا شروع ہو جاتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ بعض افراد نے فلم دیکھے بغیر ہی اس پر اپنی رائے دے دی اور مختلف لوگوں کے تبصروں میں بالکل ایک جیسے الفاظ اور نکات دکھائی دیے۔
فیصل قریشی نے کہا کہ کسی فلم کا اچھا یا برا ہونا الگ بحث ہے کیونکہ ہر فلم پر ناظرین کی رائے مختلف ہو سکتی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ سنجیدہ فلمی ناقدین عموماً فلم دیکھنے اور اس کا جائزہ لینے کے لیے وقت لیتے ہیں، جبکہ مبینہ طور پر پیسے دے کر چلائی جانے والی مہم میں فلم کی ریلیز کے فوراً بعد ہی منفی تبصرے سامنے آنے لگتے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ کسی فلم کو ہٹ یا فلاپ قرار دینے کا اصل حق ناظرین کو حاصل ہے، اس طرح پروپیگنڈا کرنے سے فلم دیکھنے والوں کا اعتماد بھی متاثر ہوتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب سینما ٹکٹس اتنے مہنگے ہیں اور ان پر لوگوں کو خاصی رقم خرچ کرنا پڑتی ہے۔
اُنہوں نے خبردار کیا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری پہلے ہی محدود وسائل اور ناظرین کی کمی جیسے مسائل کا سامنا کر رہی ہے، اس لیے ایسی سرگرمیاں انڈسٹری کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتی ہیں۔
فیصل قریشی نے ویڈیو کے اختتام پر مبینہ منفی مہم میں ملوث افراد کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ لوگ جو کچھ دوسروں کے ساتھ کر رہے ہیں، ایک دن اس کے نتائج خود آپ کو بھی بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔
اداکار کا یہ بیان ان کی نئی پنجابی فلم ’مینگو جٹ‘ کے خلاف مبینہ طور پر پیسے دے کر چلائی جانے والی مہم سے متعلق سامنے آنے والی بحث کے دوران آیا ہے۔