قازقستان میں ہونے والے ورلڈ نو میڈ مکسڈ مارشل آرٹس ٹورنامنٹ میں پاکستانی فائٹرز نے شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے چار چیمپئن شپ بیلٹس اور گولڈ میڈلز سمیت تین چاندی کے تمغے جیت لیے، ایونٹ میں پاکستان کی دوسری پوزیشن رہی۔
قازقستان کے شہر کیراگینڈا میں ہونے والے ایونٹ میں چار پاکستانی فائٹرز نے چیمپئن شپ بیلٹس سمیت گولڈ میڈلز بھی حاصل کیے۔ ان میں 65 کلو گرام کیٹیگری میں محمد سعد محسود، انڈر 19 کی 65 کلوگرام کیٹیگری میں اُسام تاجک، 60 کلو گرام کیٹیگری میں شیر باز مری اور 55 کلو گرام کیٹیگری میں سید کلیم اللّٰہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ دو خواتین سمیت تین پاکستانی فائٹرز نے تین چاندی کے تمغے بھی حاصل کیے، ان میں 60 کلو گرام کیٹیگری میں سلمان علی، ویمن کی 60 کلو گرام کیٹیگری میں شگفتہ آصف اور رابعہ نور شامل ہیں۔
ان فائٹرز کی شاندار پرفارمنس کے سبب پاکستان نے ایونٹ میں مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔