معروف پاکستانی گلوکار و اداکار دانیال ظفر نے مسلسل مصروفیت سے صحت پر پڑنے والے دباؤ کے باعث عارضی طور پر شوبز سے بریک لینے کا اعلان کر دیا۔
دانیال ظفر نے حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو اپنی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا ہے کہ میں محسوس کر رہا ہوں کہ اب میں اپنی ہمت کی آخری حد تک پہنچ چکا ہوں۔

گلوکار نے بتایا کہ گزشتہ 2 برس کے دوران میں مسلسل سفر میں رہا اور میرے لیے کسی ایک جگہ چند دن سے زیادہ قیام کرنا بھی مشکل رہا۔
انہوں نے لکھا ہے کہ بیک وقت اداکاری اور موسیقی کے دو شعبوں میں کام کرنا انتہائی مشکل ہے اور اس مصروف معمول نے میری صحت پر اثر ڈالا ہے۔
دانیال ظفر نے لکھا ہے کہ مجھے فی الحال اپنی صحت کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے اور میں نے اس پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ میں کچھ وقت کے لیے اپنی تمام پیشہ ورانہ سرگرمیاں روک کر اپنی صحت پر توجہ دوں گا اور مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے لیے بریک لے رہا ہوں۔
واضح رہے کہ دانیال ظفر حال ہی میں دو ڈراموں’رقص‘ اور ’زنجیریں‘ میں مرکزی کردار ادا کر چُکے ہیں، جبکہ وہ اپنے ایک نئے آنے والے اسٹوڈیو البم ’اسٹورمز اینڈ سیرنیٹی‘ کی تشہیر میں بھی مصروف تھے، جو ہفتے کے روز ریلیز ہونا طے تھا۔