بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی ٹیم نے ممبئی میں ان کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اداکار کے صدمے میں ہونے سے متعلق خبروں کی تردید کر دی۔
ٹائیگر شروف کے ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار سے منسوب بیان بالکل غلط ہے، انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا اور نہ ہی وہ صدمے میں ہیں۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا این ڈی ٹی وی نے دعویٰ کیا تھا کہ 18 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے جوہو میں ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اداکار نے پولیس کو بتایا ہے کہ میں شدید صدمے میں ہوں اور میری کسی سے کوئی دشمنی نہیں، پھر مجھ پر حملہ کیوں کیا گیا؟
ٹائیگر شروف کی ٹیم اس سے قبل بھی واقعے سے متعلق اداکار کے نام سے پھیلائی جانے والی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیوز اور جعلی بیانات کی تردید کر چکی ہے۔
ترجمان کے مطابق اداکار نے اس واقعے یا اس سے متعلق کسی بھی پیش رفت پر کوئی بیان یا ویڈیو جاری نہیں کی۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ اور مبینہ آڈیو پیغام بھی سامنے آیا تھا، جنہیں لارنس بشنوئی گینگ سے منسوب کیا گیا۔
ان میں ٹائیگر شروف کے سلمان خان سے تعلق کے حوالے سے دھمکی آمیز دعوے کیے گئے تھے۔
ٹائیگر شروف نے 2014ء میں فلم ہیرو پنتی سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اور وہ اداکاری، رقص اور مارشل آرٹس کی مہارت کے لیے مشہور ہیں۔