پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے نو منتخب نائب صدر عبدالصبور بٹ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت میاں نواز شریف کے ہاتھوں میں ہے، جنہوں نے ملک کو موٹر ویز سمیت اہم ترقیاتی منصوبے دیے اور ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی قوت بنایا۔
جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالصبور بٹ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کے دور میں شروع کیے گئے موٹر وے منصوبوں نے ملک میں ترقی اور آمد و رفت کے نظام کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز بھی صوبے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوامی سہولت اور بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری لا رہی ہیں، جبکہ لاہور اور اسلام آباد کے درمیان نئی موٹر وے آئندہ 2، 3 ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
عبدالصبور بٹ نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت نے مجھے جو ذمے داری سونپی ہے، اسے پوری دیانت داری اور خلوص کے ساتھ نبھانے کی ہر ممکن کوشش کروں گا، فرانس میں مسلم لیگ ن کو مزید فعال اور منظم بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کروں گا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر کارکن اور میاں نواز شریف کے دیرینہ ساتھی عبدالصبور بٹ کو پارٹی قیادت کی جانب سے مسلم لیگ ن فرانس کی تنظیم میں نائب صدر مقرر کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس پر پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔