برطانیہ میں امریکی فوجی اڈے پر ممکنہ حملے کے خدشات کے پیشِ نظر امریکا نے رائل ایئر فورس فیئر فورڈ سے اپنے تمام بی ون بمبار طیارے واپس امریکا منتقل کر دیے۔
لندن کے شمال مغرب میں واقع رائل ایئر فورس فیئر فورڈ پر تقریباً ایک درجن بی ون بمبار طیارے تعینات تھے، جنہیں ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں میں استعمال کیا گیا تھا۔
امریکی ذرائع کے مطابق بمبار طیاروں کی واپسی غیر معمولی تیزی سے عمل میں لائی گئی۔ یہ پیش رفت اس واقعے کے تقریباً ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے جس میں فوجی اڈے کے قریب مشکوک گاڑیوں کی اطلاع ملنے کے بعد انسدادِ دہشت گردی پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس نے واقعے کے سلسلے میں پانچ افراد کو ابتدائی طور پر گرفتار کیا، جبکہ بعد ازاں ایک ایرانی نژاد برطانوی شہری کو بھی حراست میں لیا گیا۔ تمام گرفتار افراد کو بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
برطانوی ذرائع کے مطابق امریکی بمبار طیاروں کی واپسی ایک فوجی اور آپریشنل فیصلہ تھا، تاہم امریکا نے اس اقدام کی باضابطہ وجہ بیان نہیں کی۔
واقعے کے بعد برطانوی حکام نے ایران کے ممکنہ کردار کے بارے میں بھی خدشات ظاہر کیے تھے، تاہم ایران نے اس میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔