پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری ساتھی فنکارہ نادیہ خان کے دفاع میں سامنے آ گئیں۔
گزشتہ دنوں اداکارہ و میزبان نادیہ خان اور فیشن ڈیزائنر پریشے عدنان کے درمیان پیدا ہونے والا تنازع اس وقت طول پکڑ گیا جب صارفین کے ساتھ ساتھ شوبز شخصیات نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے پریشے عدنان کی حمایت کی اور میزبان نادیہ خان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ہوا کچھ یوں تھا کہ چند روز قبل نادیہ خان نے پریشے عدنان کو ان کی عالمی سطح پر کامیابی کے بعد اپنے پروگرام میں مدعو کیا تھا، تاہم پروگرام کے دوران فیشن ڈیزائننگ سے بات نکل کر پریشے عدنان کے جم میں پہنے گئے لباس تک جا پہنچی۔
اس کے بعد نادیہ خان کو سوشل میڈیا صارفین اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے خوب ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں بشریٰ انصاری اس تنازع پر گفتگو کرتی نظر آئیں۔
اب سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اس تنازع پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ پریشے کی عالمی کامیابی کو نمایاں کیا جانا چاہیے، تاہم نادیہ خان کو مسلسل ٹرول کرنے کا سلسلہ بھی ایک حد سے آگے نہیں بڑھنا چاہیے۔
انہوں نے پریشے کے انٹرویو کے بعد نادیہ خان پر ہونے والی شدید تنقید کے تناظر میں بظاہر نادیہ کا دفاع کیا، تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ملاقات ہونے پر میں خود نادیہ سے کئی باتیں پوچھنا چاہوں گی، وہ مجھ سے عمر میں چھوٹی ہیں اور نادیہ کی جس طرح ٹرولنگ ہو رہی ہے، اس کی بھی ایک حد ہونی چاہیے۔
سینئر اداکارہ نے کہا کہ بعض اوقات لوگ گفتگو کے دوران بے ساختہ یا جذبات کے زیرِ اثر کچھ کہہ جاتے ہیں اور ایسے لمحات کو لازماً طویل عرصے تک جاری رہنے والی آن لائن تنقید کا سبب نہیں بننا چاہیے۔
پریشے کی حالیہ کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے زور دیا کہ ڈیزائنر کی کامیابی تنازع کی نذر نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ پریشے کی کامیابی کے علاوہ کسی اور چیز پر نہیں ہونی چاہیے اور یہی ان کا انداز ہے، وہ منفرد انداز کے ساتھ منفرد کام کر رہی ہیں، وہ کوئی معمولی ملبوسات کی ڈیزائنر نہیں ہیں۔