بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اپنے بیٹے ابھیشیک بچن کے ساتھ منفرد تعلق پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے خیالات مختلف ہوسکتے ہیں، لیکن منزل ہمیشہ ایک ہی رہتی ہے۔
83 سالہ اداکار نے اپنے حالیہ بلاگ میں نئی نسل کے خیالات اور نقطۂ نظر کا احترام کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
امیتابھ بچن نے لکھا ہے کہ باپ اور بیٹا ایک ہی اسٹیج پر ساتھ بیٹھتے ہیں، ان کے خیالات میں اختلاف ہوسکتا ہے، لیکن ان کی منزل ایک ہی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ نئی نسل کے خیالات کا ہمیشہ احترام کیا جانا چاہیے اور زندگی کے ہر راستے کا مقصد ایسی مشترکہ منزل تلاش کرنا ہونا چاہیے جو سب کے لیے بہتر ہو۔
امیتابھ بچن کے مطابق باہمی تعلق میں محبت، احترام، تلاش، دریافت اور ایک دوسرے کو سمجھنا بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، جبکہ خیرخواہوں کی محبت بھی اس رشتے کا حصہ ہے۔
دوسری جانب امیتابھ بچن ان دنوں کوئز پر مبنی معروف ریئلٹی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے 18ویں سیزن کی میزبانی کر رہے ہیں۔
اداکار آخری بار رجنی کانت کے ساتھ فلم ’ویٹایان‘ میں نظر آئے تھے، جبکہ وہ ’کَلکی 2898 اے ڈی‘ کے سیکوئل میں اشوتھاما کے کردار میں دوبارہ جلوہ گر ہوں گے، جس میں پربھاس اور کمل ہاسن بھی شامل ہیں۔
ابھیشیک بچن حال ہی میں رتیش دیش مکھ، جنیلیا ڈیسوزا، سنجے دت، ودیا بالن اور فردین خان کے ساتھ فلم ’راجا شیواجی‘ میں نظر آئے ہیں۔