اسلام آباد: (93 نیوز) پاکستان کی سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو حکم دیا ہے کہ سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی موجودگی میں 16 فروری سے پہلے سابق وزیر اعظم عمران خان کی آنکھ کا معائنہ کروایا جائے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے عدالت کی طرف سے مقرر کیے گئے فرینڈ آف کورٹ سلمان صفدر کی طرف سے عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ کی روشنی میں یہ حکم دیا۔
توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی صحت اور ان کو جیل میں سہولتوں سے متعلق الگ سے دائر کی جانے والی درخواست کی سماعت ہوئی جو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال نے کی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے سپریم کورٹ میں ایک رپورٹ پڑھ کر سنائی جس میں علاج معالجے کی سہولیات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا، چیف جسٹس سپریم کورٹ یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ہم اس پر مناسب آرڈر کریں گے، رپورٹ میں پیش کی گئی دیگر سفارشات کو خود دیکھیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے تک معاملہ زیر التوا رکھیں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کر رہے ہیں، بانی کی صحت کے معاملے پر بھی مناسب فیصلہ دیں گے، صحت کا مسئلہ سب سے اہم ہے، صحت کے معاملے پر مداخلت کی ضرورت ہے، صحت کے معاملے پر حکومت کا موقف جاننا چاہتے ہیں۔

