لاہور ڈیفنس میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی غیر ملکی لڑکی کی ٹریول ہسٹری سامنے آگئی۔
لاہور پولیس نے ڈیفنس کے علاقے میں غیرملکی لڑکی کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے میں ملوث 3 ملزموں کو حراست میں لے لیا۔
ان ملزموں کو سہولت کاری کے شبے میں پکڑا گیا، غیر ملکی لڑکی کی ٹریول ہسٹری بھی سامنے آ گئی۔
دوسری جانب لڑکی کو جس گاڑی میں مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا، وہ گاڑی بھی برآمد کر لی گئی جبکہ ملزمان کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیے گئے ہیں۔
لاہور کے علاقہ ڈیفنس میں جہاں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب آذر بائی جان سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ ڈیانا کو 3 ملزموں نے مبینہ طور پر نشہ آور چیز پلا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنادیا اور بعد میں ایئرپورٹ کے قریب چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔
پولیس نے لڑکی کا میڈیکل کروا لیا اور بتایا کہ مبینہ زیادتی کے ملزمان میں احمد تنویر، علی اور محسن شامل ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے سہولت کاری کے شبے میں 3 ملزمان کو پکڑ کر تفتیش شروع کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ غیر ملکی لڑکی کی ٹریول ہسٹری بھی سامنے آ گئی ہے، متاثرہ لڑکی مارچ اور مئی میں بھی 2 بار پاکستان آ چکی ہے۔ اب وہ تیسری بار پاکستان آئی۔
غیر ملکی لڑکی 4 مارچ کو غیر ملکی پرواز کے ذریعے تاشقند سے لاہور میں رِدا حمید نامی خاتون کے پاس آئی تھی۔ وہ 20 مارچ کو غیر ملکی پرواز کے ذریعے باکو آذربائی جان واپس چلی گئی۔
ڈیانا دوسری بار 22 مئی کو غیر ملکی پرواز کے ذریعے راشد علی کے پاس آئی۔ اب وہ 15 دن قبل تیسری بار لاہور آئی۔ غیر ملکی لڑکی کا کپڑے کے کاروبار کے سلسلے میں لاہور اور فیصل آنا جانا تھا۔ متاثرہ لڑکی اردو زبان سمجھ اور بول سکتی ہے۔
ادھر پولیس نے غیر ملکی خاتون ڈیانا کو ڈیوٹی مجسٹریٹ ارم یوسف کے روبرو پیش کیا اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت غیر ملکی خاتون کا بیان قلمبند کرنے کی استدعا کی۔
عدالت کا کہنا تھا کہ آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، سوائے ریمانڈ کے کسی فائل پر سماعت نہیں کی جا سکتی۔ تفتیشی افسر متاثرہ خاتون کو 28 ستمبر کو متعلقہ علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرے، عدالت نے خاتون کو بیان ریکارڈ کرنے کے لیے 28 ستمبر کو طلب کر لیا۔