وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے جھوٹی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانے میں ماہر ہیں۔
پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کی دوبارہ تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں عطا تارڑ نے کہا کہ جھوٹا بیانیہ بنانا ہو، جھوٹی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانےمیں پی ٹی آئی والے ماہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا نظریہ بھی تباہی و بربادی ہے، ان کا بھی یہی نظریہ ہے، یہ کبھی نہیں کہیں گے کہ دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے تعمیر و ترقی، ملک کی مضبوطی کا بیانیہ یہ نہیں بنا سکتے، یہ بہروپیے ہیں۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ان کے اسلام آباد آنے کا نہیں بلکہ اب جانے کا وقت آگیا ہے، ان کی نیت اور طبیعت بھی خراب ہے، ان سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کریں تو بتائیں کہ پی ٹی آئی میں کس سے کریں؟ جب پُر امن احتجاج کی بات ہی نہیں تو مذاکرات کیوں کریں۔