عراقی سیکیورٹی فورسز نے سعودی عرب میں ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن پر حملے میں استعمال مقام کا پتہ لگا لیا اور ڈرون لانچنگ کے آلات قبضے میں لے لیے۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا تھا کہ عراق میں جس مقام سے پائپ لائن پر حملہ ہوا وہاں ایران نواز مسلح گروپ سرگرم ہیں، حملے کے بعد پائپ لائن عارضی طور پر بند کی گئی ہے۔
آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث پائپ لائن حالیہ مہینوں میں خلیجی تیل کی ترسیل کا ایک اہم ذریعہ رہی ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ترکیہ اور عراق کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطے ہوئے۔
تینوں وزرائے خارجہ کے درمیان علاقائی صورتِ حال، دوطرفہ تعلقات اور خطے میں تنازعات کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سفارتی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔