عراقی وزیر خارجہ فواد حسین اور مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے قاہرہ میں ملاقات کی ہے، جس میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی معیشت اور بحری آمد و رفت پر کشیدگی کے ممکنہ اثرات سمیت خطے کو درپیش بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خطرات پر بھی گفتگو ہوئی۔
عراقی وزیرِ خارجہ فواد حسین کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب سے بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے تعاون اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
فواد حسین نے بتایا کہ گفتگو کے دوران عراق اور مصر کے درمیان اقتصادی تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا، جبکہ عراق، مصر اور اردن کے درمیان سہ فریقی تعاون کے طریقہ کار کو مزید فعال بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
ملاقات قاہرہ میں ہونے والے عرب لیگ کے وزارتی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔