پاکستانی ماڈل، اداکارہ اور ڈیجیٹل کری ایٹر ماہ نور شیخ نے اداکارہ ثناء جاوید کے رویے سے متعلق اپنا تجربہ بیان کر دیا۔
ماہ نور شیخ حال ہی میں نادیہ خان کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے ثناء جاوید کے حوالے سے اپنی سابقہ انسٹاگرام پوسٹ کے بارے میں گفتگو کی۔
واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ماہ نور شیخ نے کہا کہ مجھے ایک ٹی وی کمرشل میں ثناء جاوید کے ساتھ کام کرنے کے دوران برا تجربہ ہوا، میں کمرشل میں ثناء جاوید کے ساتھ دوستوں کا کردار ادا کر رہی تھی جبکہ دو دیگر لڑکیاں بھی میرے ساتھ موجود تھیں۔
ماہ نور شیخ نے بتایا کہ مجھے ثناء جاوید کے ساتھ ایک مشترکہ وینیٹی روم دیا گیا تھا، جس کے درمیان صرف ایک پارٹیشن تھا، ثناء جاوید نے کمرے میں داخل ہوتے ہی مجھے دیکھا اور پیچھے ہٹتے ہوئے کہا کہ یہ میرے ساتھ نہیں بیٹھ سکتیں، انہیں باہر نکالو، میں اکیلی بیٹھوں گی۔
اداکارہ کے مطابق اس کے بعد ٹیم نے مجھے اور دیگر لڑکیوں کو دوسرے کمرے میں منتقل کر دیا، جہاں ایئر کنڈیشنر بھی موجود نہیں تھا۔
ماہ نور شیخ نے کہا کہ جب بھی ثناء جاوید وہاں آتیں، وہ ہمارے ساتھ اسی طرح پیش آتیں، اس وقت کورونا کی وباء بھی جاری تھی، جس کا سامنا صرف ثناء جاوید کو نہیں بلکہ ہم سب کو بھی تھا۔
ماہ نور شیخ نے کہا کہ مجھے ثناء جاوید کا رویہ نامناسب محسوس ہوا اور میرے خیال میں اس واقعے کے بارے میں بات کر کے میں نے کچھ غلط نہیں کیا۔