فیصل آباد کی حرا قیصر نے پاکستان آئیڈل کا معرکہ جیت لیا، اُن کا گھر پہنچنے پر شاندا استقبال کیا گیا۔
رنگ، روشنی اور موسیقی کے حسین امتزاج پر مشتمل پاکستان آئیڈیل کا شاندار اختتام ہوگیا، ججز کے متفقہ فیصلے میں حرا قیصر کو فاتح قرار دیا گیا۔
حرا قیصر کا کہنا ہے کہ کامیابی والدین اور گھر والوں کی دعاؤں کے باعث ممکن ہوئی، وہ اپنے خواب پورے کریں گی۔
ایونٹ کے سپر فنالے میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے خصوصی پرفارمنس دی۔
کراچی اور فیصل آباد کے سینما گھروں میں پاکستان آئیڈل کے فنالے کے موقع پر خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔
پاکستان آئیڈل کا ٹائٹل جیتنے والی حرا قیصر کا گھر پہنچنے پرشاندار استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاورکی گئیں جبکہ ڈھول کی تھاپ پر حرا قیصر کے شوہر اور اہل خانہ کے بھنگڑےڈالے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں حرا قیصر کے شوہر نے اپنی اہلیہ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہاکہ وہ اپنی اہلیہ کو سپورٹ کرتے رہیں گے۔
پاکستان آئیڈل سُپرفنالے نے ملک بھر کے مختلف شہروں سے اُبھرتی ہوئی آوازوں کو تلاش کیا اور انہیں ایک ہی اسٹیج پر لا کر اپنی صلاحیتیں دنیا کے سامنے دکھانے کا موقع دیا۔