بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے جے پور شہر سے اپنی خصوصی وابستگی کی وجہ بتاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ یہ وہ شہر ہے جہاں میں نے اور ایشوریا رائے نے ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا تھا۔
ابھیشیک بچن کا جے پور سے گہرا تعلق ہے، انہوں نے اپنی پہلی فلم ریفیوجی کے کچھ مناظر بھی جے پور میں فلمائے تھے، جبکہ اسی شہر میں ایشوریا رائے کے ساتھ ان کے رومانوی تعلق کی ابتداء ہوئی تھی۔
جے پور پنک پینتھرز کبڈی ٹیم کے انتخاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ابھیشیک بچن نے کہا کہ جے پور وہ شہر ہے جہاں میں نے اپنی پہلی فلم کا ایک حصہ فلمایا، اس لیے میرے لیے یہ شہر کسی نئے کام کے آغاز کے حوالے سے بھی خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایشوریا اور میرے درمیان تعلق کی ابتداء بھی اسی شہر سے ہوئی، جس کے باعث جے پور میرے لیے جذباتی اہمیت رکھتا ہے۔
ابھیشیک کے مطابق جے پور پنک پینتھرز کے نام میں بھی میرے خاندان سے جڑی کئی یادیں شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گلابی رنگ میری بیٹی آرادھیا کا اس وقت پسندیدہ رنگ تھا، جبکہ ’پنک پینتھر‘ وہ فلم تھی جس میں ایشوریا رائے نے اداکاری کی تھی۔
اداکار نے بتایا کہ جے پور پنک پینتھرز کے لوگو میں نیلی سبز آنکھیں بھی اہلیہ ایشوریا رائے کی آنکھوں سے مشابہ ہیں، اس لیے ٹیم سے جڑی تقریباً ہر چیز میں میری ذاتی وابستگی شامل ہے۔
واضح رہے کہ 2014ء میں قائم ہونے والی جے پور پنک پینتھرز پرو کبڈی لیگ کی 8 اصل ٹیموں میں شامل تھی، جبکہ ابھیشیک بچن نے جے پور فرنچائز کی ملکیت حاصل کی تھی۔
کھیلوں سے ابھیشیک کی وابستگی صرف کبڈی تک محدود نہیں، وہ انڈین سپر لیگ کی ٹیم چنیئین ایف سی سے بھی منسلک ہیں اور یورپی ٹی20 پریمیئر لیگ کے شریک بانی بھی ہیں، جس کا آغاز اگست 2026ء میں متوقع ہے۔
ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن کی شادی 20 اپریل 2007ء کو ہوئی تھی، دونوں کی ایک بیٹی آرادھیا بچن ہے۔
ابھیشیک بچن شاہ رخ خان کے ساتھ فلم کنگ میں بھی نظر آئیں گے، جس کی ریلیز کرسمس 2026ء کے موقع پر متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق ابھیشیک فلم میں ولن کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ فلم کی کاسٹ میں دیپیکا پڈوکون اور سہانا خان بھی شامل ہیں۔