بالی ووڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے گووندا اور اداکارہ کومل رانی سوارنکر کے مبینہ معاشقے کے حوالے سے ایک اور چونکا دینے والا انکشاف کر دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی میں فوٹو گرافروں سے گفتگو کے دوران راکھی ساونت نے سنیتا کو فون کیا اور ان کے سامنے فون اسپیکر پر رکھ دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فون پر سنیتا کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ گووندا اور کومل شادی کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
راکھی ساونت نے گووندا کے خلاف دائر طلاق کا مقدمہ واپس لینے پر سنیتا آہوجا کی تعریف کی۔
راکھی نے برجستہ انداز میں گووندا کی اہلیہ سے کہا کہ براہِ کرم گووندا سے اپنے نام پر 200 کروڑ روپے لکھوا لیں، ورنہ دوسرے لوگ انہیں لے جائیں گے۔
یہ انکشاف سنیتا آہوجا کی جانب سے 19 اگست کو گووندا کے خلاف دائر طلاق کا مقدمہ واپس لینے کے بعد سامنے آیا ہے۔
گووندا کے منیجر ششی سنہا نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جب معاملہ عدالت تک پہنچ جاتا ہے تو پوری دنیا کو معلوم ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاندانی معاملات خاندان تک ہی محدود رہنے چاہئیں، بہت سے مسائل بیٹھ کر بات چیت کرنے سے حل ہو جاتے ہیں، اگر آج مقدمہ واپس ہی لینا تھا تو اسے دائر ہی کیوں کیا گیا؟ یہ بات مجھے تکلیف دیتی ہے، ہم نے اپنے آپ کو تماشہ کیوں بنا لیا؟
گووندا اور سنیتا آہوجا کے تعلقات پر سوالات
گووندا اور سنیتا آہوجا کی طلاق کی خبریں رواں سال فروری سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔
گووندا اور سنیتا کے ازدواجی تعلقات میں مبینہ مشکلات کے حوالے سے قیاس آرائیوں میں اُس وقت مزید اضافہ ہوا جب سنیتا آہوجا نے چند ماہ قبل دیے گئے اپنے بعض انٹرویوز میں اپنی نجی زندگی سے متعلق تفصیلات شیئر کیں۔