بھارتی مرکزی تفتیشی ادارے نے اطلاعات و نشریات کی وزارت میں داخلی مالیاتی مشیر کے طور پر تعینات ڈپٹی کنٹرولر اکاؤنٹس کو مبینہ طور پر 10 لاکھ روپے رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 2020ء بیچ کے بھارتی سول اکاؤنٹس سروس کے افسر سندیپ نے ایک کاروباری شخص سے نجی کمپنی کے معاہدے کی تجدید کی فائل پر کارروائی کے لیے 15 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی۔
سینٹرل بیورو انویسٹیگیشن کے ترجمان کے مطابق مذاکرات کے بعد افسر 10 لاکھ روپے رشوت لینے پر رضامند ہو گیا تاکہ کمپنی کے معاہدے کی زیرِ التواء تجدید کی فائل پر جلد کارروائی کی جا سکے۔
مرکزی تفتیشی ادارے نے منگل کے روز جال بچھایا اور ملزم افسر کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ اپنی بیوی کے ذریعے 10 لاکھ روپے رشوت وصول کر رہا تھا۔