فلم ’باہوبلی‘ اور ’کالکی 2898 AD‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے بھارتی اداکار پربھاس کی ایک تازہ تصویر ڈاکٹر کے ساتھ وائرل ہونے کے بعد ان کی صحت کے حوالے سے چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔
ہڈیوں کے معروف ڈاکٹر نے پربھاس کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام لکھا، ’فلموں کے پردے پر جو شاندار ایکشن اور اسٹنٹ ہم دیکھتے ہیں، ان کے پیچھے اداکار کی بے شمار ذاتی اور جسمانی قربانیاں چھپی ہوتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید تحریر کیا کہ ’پربھاس نے اپنے کام کے لیے خاموشی سے جو درد اور چوٹیں برداست کی ہیں، وہ ان کی لگن کا ثبوت ہیں۔‘
سرجن کی اس پوسٹ اور ‘جسمانی قربانیوں’ کے ذکر نے پربھاس کے مداحوں کو سوچنے پر مجبور کر دیا۔
سوشل میڈیا پر مداحوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوالات اٹھائے کہ کیا پربھاس کو گھٹنے یا کمر کی کسی پرانی چوٹ کی وجہ سے سرجری یا شدید علاج سے گزرنا پڑ رہا ہے؟
اگرچہ سرجن نے بعد میں یہ پوسٹ ڈیلیٹ کر دی تاہم تب تک یہ تصویر اور پیغام سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو چکا تھا اور مداح اپنے پسندیدہ اسٹار کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔