پاکستان ہاکی ٹیم ویگنور ہاکی اسٹیڈیم ایمسٹلوین میں 19 اگست کو بھارت کے خلاف اہم میچ کھیل رہی ہے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان ابوبکر کا کہنا ہے کہ پرولیگ میں بھارت کے خلاف دو میچ کھیل چکے ہیں، امید ہے اس بار غلطیوں سے سیکھ کر اچھا رزلٹ حاصل کرینگے۔
اسٹرائیکر رانا وحید کہتے ہیں کہ ہر لحاظ سے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک اہم مقابلہ ہے۔ یہ بات ٹھیک ہے کہ ہمیں ویلز سے میچ جیتنا چاہیے تھا، لیکن ایسا نہیں ہوا، البتہ بھارت کے خلاف ہم جیت سکتے ہیں۔
قومی ہاکی ٹیم کے کوچ باب جان ویلڈف نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اچھی ٹیم ہے، ہم بھرپور مقابلے کے لئے تیار ہیں، ہم اگر ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دے کر اگلے مرحلے تک پہنچ گئے، تو یقیناً یہ ایک بہت بٹری فتح ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ درحقیقت ہمارا فوکس جاپان میں ہونیوالے ایشین گیمز ہیں، لیکن ورلڈ کپ میں بھارت کو ہرانا بہت بڑا سرپرائز ہوگا۔ جس کے لئے ہم منصوبہ بندی کر رہے ہیں، البتہ اس متعلق نہیں بتا سکوں گا، کہ ہم کیا سوچ رہے ہیں۔
باب جان ویلڈف نے مزید کہا کہ ہاں ہمیں اس بات کا اندازہ ہے کہ بھارت کی خامیاں کیا ہیں، جس پر ہم میچ میں دھیان رکھنا چاہیں گے۔
قومی ہاکی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ عدنان ذاکر کہتے ہیں کہ بھارت کے کوچنگ اسٹاف میں 14 افراد ہیں، انھوں نے اپنی ہاکی پر خطیر سرمایہ کاری کی ہے، ہمیں ابھی وقت درکار ہوگا۔ البتہ بھارت کے خلاف میچ ففٹی ففٹی ہوگا۔ ہمارا پاس کھونے کے لئے کچھ نہیں، ہاں دباؤ بھارت کی ٹیم پر ہوگا۔