پیر سید محمد جابر علی شاہ ہمدانی نے مسلم لیگ (ن) فرانس کے چیئرمین راجہ علی اصغر کی عیادت کی۔
اس موقع پر پوٹھو ہار کے معروف روحانی مرکز دربارِ حسینی فیض رساں بنگالی شریف، گوجر خان، ضلع راولپنڈی کے سجادہ نشین پیر جابر شاہ ہمدانی نے راجہ علی اصغر کی جلد اور فوری صحتیابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق سے بے پناہ محبت فرماتا ہے اور اپنے بندوں کو ہر وقت اپنی بارگاہ میں دعا کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ اپنے رب کے سامنے بندے کا جھکنا اللہ تعالیٰ کو محبوب ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: مجھ سے دعا کرو، میں تمہاری دعا قبول کروں گا۔
پیر سید محمد جابر علی شاہ ہمدانی نے کہا کہ دعا کی قبولیت ہمیشہ انسان کی خواہش کے مطابق نہیں ہوتی۔ کبھی اللہ تعالیٰ وہی عطا فرما دیتا ہے جو بندہ مانگتا ہے، کبھی کسی آنے والی مصیبت کو ٹال دیتا ہے اور کبھی دعا کا اجر آخرت کے لیے محفوظ فرما دیتا ہے۔
ملاقات کے دوران مہمان شاعر جے بی اور دیگر ساتھی شعراء نے گلہائے عقیدت بھی پیش کیے، جس سے محفل میں ایک خوبصورت اور پُروقار ادبی ماحول پیدا ہوگیا۔
آخر میں پیر سید محمد جابر علی شاہ ہمدانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ راجہ علی اصغر کو صحتِ کاملہ عطا فرمائے،اپنی رحمت و رضا نصیب کرے اور تمام اہلِ ایمان کی جائز دعاؤں کو شرفِ قبولیت بخشے۔