آپریشن ردُالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پنجگور کے علاقے سرکینی اور چھیدگی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز، بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
ہلاک دہشت گرد تاجروں اور شہریوں سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغواء اور دہشت گردی میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دیگر دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان قوم کا سرمایۂ افتخار ہیں: محسن نقوی
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پنجگور میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 5 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان قوم کا سرمایۂ افتخار ہیں، قوم کے بہادر سپوت بلوچستان سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔