طویل عرصے سے قومی ٹیم سے باہر رہنے والے آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے پاکستان کرکٹ چھوڑنے سے متعلق زیرِ گردش خبروں کی تردید کر دی۔
نومبر 2019ء میں پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے خوشدل شاہ اب تک قومی ٹیم کے لیے 15 ایک روزہ اور 38 ٹی20 بین الاقوامی میچز کھیل چکے ہیں۔
گزشتہ سال اے سی سی مینز ٹی20 ایشیاء کپ میں انہوں نے آخری بار گرین شرٹس کی نمائندگی کی تھی۔
31 سالہ آل راؤنڈر نے براعظمی ٹورنامنٹ میں صرف ایک میچ کھیلا، جو گروپ مرحلے میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف تھا اور اس میں 4 رنز بنائے، جس کے بعد وہ ایشیاء کپ کے بقیہ میچز کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں اپنی جگہ برقرار نہ رکھ سکے اور بعد ازاں انہیں مکمل طور پر اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا۔
قومی ٹیم سے باہر رہنے کے دوران گزشتہ روز انٹرنیٹ پر 2 ماہ پرانا ایک انٹرویو دوبارہ گردش کرنے لگا، جس میں قومی ٹیم کے ایک اور آل راؤنڈر عباس آفریدی نے دعویٰ کیا تھا کہ خوشدل شاہ نے انہیں بتایا تھا کہ ان کے پاس تقریباً 4 ماہ باقی ہیں اور اگر اس عرصے کے دوران انہیں قومی ٹیم میں طلب نہ کیا گیا تو انہیں پاکستان چھوڑنا پڑے گا۔
یہ دعویٰ سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گیا، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ خوشدل شاہ پاکستان کے لیے اپنے پیشہ ورانہ کرکٹ کیریئر کو خیرباد کہنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم آل راؤنڈر نے بذریعہ سوشل میڈیا ان قیاس آرائیوں پر ردِعمل ظاہر کیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کھلاڑی نے وضاحت دیتے ہوئے زیرِ گردش خبروں کو جعلی اور بالکل بے بنیاد قرار دیا ہے۔
خوشدل شاہ نے لکھا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی ہمیشہ میرے لیے اعزاز اور اولین ترجیح رہی ہے، یہ جعلی خبر گردش کر رہی ہے کہ میں پاکستان کرکٹ چھوڑ رہا ہوں، جو بالکل غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میرا گھر ہے اور اس ملک کی نمائندگی ہمیشہ میری اولین ترجیح اور سب سے بڑا اعزاز رہی ہے۔
خوشدل شاہ نے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں۔
انہوں نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کرکٹ کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔