وزن کم کرنا دنیا بھر میں صحت سے متعلق سب سے عام اہداف میں شامل ہے جس کے لیے لوگ مختلف غذائی منصوبے اور ورزشیں اختیار کرتے ہیں تاہم روزانہ 10 ہزار قدم چلنے یا 30 منٹ کارڈیو کرنے کے درمیان کون سا طریقہ زیادہ مؤثر ہے، اس پر اکثر بحث ہوتی رہتی ہے۔
ماہرین کے مطابق 10 ہزار قدم چلنا کم شدت والی، آسان اور زیادہ تر افراد کے لیے موزوں ورزش ہے جو روزانہ جسمانی سرگرمی بڑھانے اور بتدریج وزن کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
اس کے برعکس 30 منٹ کی کارڈیو ورزش کم وقت میں دل کی دھڑکن بڑھا کر زیادہ مؤثر انداز میں جسم کو متحرک کرتی ہے تاہم یہ نسبتاً زیادہ تھکا دینے والی ہو سکتی ہے۔
کیلوریز جلانے کے لحاظ سے 10 ہزار قدم چلنے سے عموماً 350 سے 500 کیلوریز تک خرچ ہو سکتی ہیں جبکہ 30 منٹ کی کارڈیو ورزش سے تقریباً 150 سے 250 کیلوریز جلتی ہیں، تیز رفتاری یا ڈھلوان پر چلنے سے مزید کیلوریز بھی جلائی جا سکتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ 10000 قدم چلنے سے جسم دن بھر متحرک رہتا ہے، شدید بھوک یا زیادہ تھکن محسوس نہیں ہوتی اور مجموعی طور پر توانائی کا خرچ بڑھ جاتا ہے۔
اس کے برعکس سخت کارڈیو کے بعد بعض افراد زیادہ بھوک محسوس کرتے ہیں اور غیر ارادی طور پر زیادہ کھا لیتے ہیں جبکہ تھکن کے باعث باقی دن جسمانی سرگرمی بھی کم ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب 30 منٹ کی کارڈیو ایکسر سائز دل اور پھیپھڑوں کی صحت بہتر بنانے، جسمانی برداشت بڑھانے اور زیادہ وقت بچانے کے حوالے سے زیادہ مؤثر سمجھی جاتی ہے، خاص طور پر وقفے وقفے سے کی جانے والی تیز رفتار ورزش (HIIT) جسم میں ورزش کے بعد بھی اضافی کیلوریز جلانے میں مدد دے سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق وزن اور جسمانی چربی کم کرنے کے لیے بہترین حکمتِ عملی دونوں طریقوں کو یکجا کرنا ہے۔
طبی ماہرین کی جانب سے تجویز کیا گیا ہے کہ وزن میں کمی، چربی میں کمی، ذہنی و جسمانی اعضاء کی بہتر صحت اور متحرک رہنے کے لیے روزانہ 7000 سے 10000 قدم چلنے کے ساتھ ساتھ ہفتے میں 2 سے 3 بار 30 منٹ کی کارڈیو ورزش اور متوازن غذا کو بھی معمول کا حصہ بنانا چاہیے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔