بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے بھارتی شہر اودے پور میں ایک نجی شادی کی تقریب میں شرکت کر کے محفل لوٹ لی۔
شاہ رخ خان نے شادی کی تقریب میں اپنی شاندار پرفارمنس، مشہور فلمی ڈائیلاگز اور مقبول گانے ’لنگی ڈانس‘ پر ڈانس کر کے تقریب میں موجود مہمانوں کو خوب محظوظ کیا۔
اودے پور کی اس شادی کی تقریب سے متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
اداکار نے شادی کی تقریب میں دولہا کے ساتھ مل کر اپنی بلاک بسٹر فلم ’اوم شانتی اوم‘ کا مشہور ڈائیلاگ دلچسپ انداز میں دہرایا جس پر مہمانوں نے خوب تالیاں بجائیں اور خوشی کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں شاہ رخ خان کو دولہا اور دلہن کے ساتھ اسٹیج پر ڈانس کرتے اور مہمانوں سے گھلتے ملتے دیکھا جا سکتا ہے۔
شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے بھارتی اداکار نے سرمئی رنگ کی پینٹ کے ساتھ نہرو اسٹائل کے کالر والی مخمل کی جودھ پوری جیکٹ کا انتخاب کیا۔
اُنہوں نے اپنے اسی دلکش لباس کے اوپر سفید رنگ کی لنگی باندھ کر شادی کی تقریب میں دولہا اور دلہن کی فیملی کے ساتھ اپنی 2013ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’چنئی ایکسپریس‘ کے مشہور گانے ’لنگی ڈانس‘ پر ڈانس کیا۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان آج کل اپنی آنے والی ایکشن فلم ’کنگ‘ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو 24 دسمبر 2026ء کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔