پاکستانی گلوکارہ شائے گل نے ہانیہ عامر کے گانے ’پابلو‘ اور اپنے گانے ’انسیکیورٹی‘ میں موسیقی کی مماثلت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے محض اتفاق قرار دے دیا۔
ہانیہ عامر نے ستمبر 2026ء میں اپنا گانا ’پابلو‘ ریلیز کیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اس کا موازنہ شائے گل کے گانے ’انسیکیورٹی‘ سے شروع کردیا، بعض صارفین نے ہانیہ عامر پر شائے گل کے گانے کے کچھ حصے نقل کرنے کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔
دونوں گانوں کا موازنہ بنیادی طور پر موسیقی اور انداز کی مماثلت کی بنیاد پر کیا گیا، نہ کہ بول یا کسی باضابطہ حوالے کی بنیاد پر۔
ایک حالیہ انٹرویو میں میزبان نے شائے گل سے اس معاملے پر سوال کیا اور بتایا کہ ’پابلو‘ سنتے ہی ان کا گانا ’انسیکیورٹی‘ یاد آگیا۔
اس پر شائے گل نے کہا ہے کہ مجھے بھی اس حوالے سے بہت سے پیغامات موصول ہوئے، خاص طور پر دوستوں نے بھی دونوں گانوں میں مماثلت محسوس ہونے کا اظہار کیا۔
گلوکارہ کا کہنا ہے کہ موسیقاروں کے پاس استعمال کے لیے مخصوص تعداد میں ہی سُر ہوتے ہیں اور گانے اسی محدود دائرے میں تخلیق کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ میرے خیال میں یہ مماثلت جان بوجھ کر نہیں بلکہ محض اتفاق سے پیدا ہوئی ہے، دونوں گانوں کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ ملتا جلتا ہے، جبکہ باقی موسیقی بالکل مختلف ہے۔
شائے گل نے ہانیہ عامر کے گانے کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پابلو‘ ایک بہترین گانا ہے اور میرے اپنے گانے سے مختلف ہے، تاہم دونوں میں تھوڑی سی مماثلت ضرور موجود ہے۔