آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل مارش نے 2018ء کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کے انکشافات پر تبصرہ کرنے سے گریز کر دیا۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مچل مارش نے پرتھ میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل پریس کانفرنس کے دوران اس معاملے پر سوالات کے جواب دینے سے انکار کر دیا۔
عثمان خواجہ نے اپنی نئی کتاب ’صبر‘ میں دعویٰ کیا ہے کہ 2018ء میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے صرف 3 کھلاڑی نہیں بلکہ پوری آسٹریلوی ٹیم آگاہ تھی۔
اس حوالے سے مچل مارش نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ماضی کے واقعات پر دوبارہ بات نہیں کرنا چاہتا اور اس وقت میری پوری توجہ انگلینڈ کے خلاف اہم سیریز کی تیاری پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کچھ لوگوں نے اپنے واقعات بیان کیے ہیں، تاہم میں خود اس وقت اپنی کہانی شیئر نہیں کرنا چاہتا۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میں ذاتی طور پر اس معاملے سے آگے بڑھ چکا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ میرے فیصلے کا احترام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مارچ 2018ء میں جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی ساخت تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کیمرے نے پکڑ لیا تھا۔
اس واقعے کے بعد آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر 1 سال جبکہ بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔
حال ہی میں عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس معاملے میں مزید کھلاڑیوں کو بھی اجتماعی ذمے داری قبول کرنی چاہیے۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے بھی عثمان خواجہ کے دعوؤں کی حمایت کرتے ہوئے انہیں 100 فیصد درست قرار دیا ہے۔