بالی ووڈ اداکارہ ایشا دیول نے اعتراف کیا ہے کہ فلمی کیریئر کے ابتدائی دنوں میں لوگ مجھے مغرور سمجھتے تھے، تاہم اس تاثر نے کئی مواقع پر میرے لیے فائدہ مند کردار ادا کیا۔
انٹرٹینمنٹ جریدے اسکرین کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ ہیما مالنی اور دھرمیندر کی صاحبزادی ایشا دیول نے فلمی صنعت میں اپنے ابتدائی دنوں کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میری شخصیت کے حوالے سے لوگوں نے مختلف رائے قائم کر رکھی تھی۔
فلم ’کال‘ کی اداکارہ نے کہا ہے کہ ابتدائی دنوں میں میں نے مختلف رسائل میں اپنے بارے میں پڑھا کہ میں بہت مغرور ہوں، یہ ایک ایسا لفظ تھا جو اکثر پڑھنے کو ملتا تھا۔
ایشا دیول کے مطابق جو لوگ مجھے جانتے تھے، وہ میری اصل شخصیت سے واقف تھے، تاہم اگر لوگ مجھے مغرور سمجھتے تھے تو اس میں بھی ایک فائدہ تھا کیونکہ اس تاثر کے باعث زیادہ لوگ میرے پاس آ کر بات چیت کرنے کی کوشش نہیں کرتے تھے۔
انٹرویو کے دوران ان کی آنے والی فلم ’پرتاپ‘ کے ساتھی اداکار بھی موجود تھے، جنہوں نے ایشا کی صاف گوئی اور بے باک طبیعت کو سراہا۔
ساتھی اداکار کا کہنا ہے کہ ایشا کی شخصیت میں ایک منفرد اور دلکش بے باکی ہے، پہلی ملاقات میں میں نے ان کی شخصیت، عاجزی اور اپنے کام پر مکمل توجہ دینے کی صلاحیت کو محسوس کیا، جب ایشا سیٹ پر موجود ہوتی تھیں تو مکمل طور پر اپنے کردار پونم میں ڈھل جاتی تھی۔
دوسری جانب ایشا دیول اپنی آنے والی فلم ’پرتاپ‘ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو جمعہ 20 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔