بھارتی اداکارہ دیپیکا ککڑ کے شوہر شعیب ابراہیم نے انکشاف کیا ہے کہ جگر کے سرطان کے علاج کے دوران دیپیکا کا 12 کلو وزن کم ہونے کی بڑی وجہ امیونو تھراپی کے مضر اثرات ہیں، نہ کہ کسی خاص ڈائیٹ پر عمل۔
شعیب ابراہیم نے اپنے تازہ ولاگ میں بتایا ہے کہ علاج کے باعث دیپیکا کو متلی اور الٹی کی شکایت رہتی ہے، دیپیکا ہر 2 دن بعد الٹی کرتی ہیں جس سے ان کی جسمانی کمزوری میں اضافہ ہوا ہے۔
ولاگ میں دیپیکا ککڑ نے بھی وضاحت کی ہے کہ میں نے ابتداء میں خوراک میں تبدیلی کر کے 5 سے 6 کلو وزن کم کیا تھا، گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران وزن میں ہونے والی کمی علاج کے باعث ہوئی ہے۔
شعیب ابراہیم نے سوشل میڈیا پر دیپیکا کی خوراک سے متعلق غلط معلومات پھیلانے والے چینلز کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض افراد پرانی تصاویر استعمال کر کے گمراہ کن دعوے کر رہے ہیں۔
انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ کسی ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر کسی کا غذائی منصوبہ نہ اپنائیں اور وزن کم کرنے کے لیے آن لائن معلومات پر آنکھیں بند کر کے بھروسہ نہ کریں۔
شعیب ابراہیم کا کہنا ہے کہ دیپیکا کی خوراک پر متعدد پابندیاں ہیں، انہیں مٹھائیاں کھانے کی اجازت نہیں اور گندم سمیت کاربوہائیڈریٹس کا استعمال بھی محدود کر دیا گیا ہے، دیپیکا کا وزن کم ہونے کی بنیادی وجہ علاج کے دوران بہت کم کھانا ہے، اس لیے اسے وزن گھٹانے کا کوئی عام طریقہ نہ سمجھا جائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دیپیکا ککڑ کی رواں سال جون میں امیونو تھراپی شروع ہوئی تھی، جولائی میں انہوں نے بتایا تھا کہ علاج کے بعد مجھے بخار، کمزوری، جلد پر دانے اور خارش جیسے مضر اثرات کا سامنا کرنا پڑا۔
شعیب ابراہیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارتی چینلز نے دیپیکا کی صحت سے متعلق غلط معلومات پھیلانا جاری رکھیں تو میں ان چینلز کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا۔