بھارتی فلم ساز اور میزبان کرن جوہر نے واضح کر دیا ہے کہ ’کافی ود کرن‘ کے سیزن 9 میں کرکٹرز کو بطور مہمان مدعو نہیں کیا جائے گا، حالانکہ مداح بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کو شو میں دیکھنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
54 سالہ کرن جوہر اپنے مقبول ٹاک شو ’کافی ود کرن‘ کے نویں اور آخری سیزن کے ساتھ واپس آ رہے ہیں، انہوں نے ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی شو میں شرکت سے متعلق جاری قیاس آرائیوں پر وضاحت کر دی۔
7 اکتوبر کو کرن جوہر نے انسٹاگرام پر شو کے آخری ٹیزر کی تشہیری ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ فون پر گفتگو کرتے ہوئے ویرات کوہلی کی شو میں شرکت سے متعلق افواہوں کا خاتمہ کرتے دکھائی دیے۔
گفتگو کے دوران کرن جوہر نے کہا کہ میں نے گزشتہ 8 سیزنز میں کرکٹرز کو مدعو نہیں کیا، اس لیے نویں سیزن میں بھی انہیں مدعو کرنے کا ارادہ نہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کرکٹرز کو مدعو نہیں کیا گیا ہے اور وہ شو میں شرکت بھی نہیں کر رہے۔
کرن جوہر نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے کہ میں آخری ’کافی‘ کے بارے میں بہت کچھ بتا سکتا ہوں، لیکن ایسا کرنے میں مزہ نہیں آئے گا۔
’کافی ود کرن‘ سیزن 9 کا آغاز 14 اکتوبر سے ہو گا، سیزن 9 کی واپسی کے اعلان کے بعد سے مداح ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کو ٹاک شو میں بطور مہمان دیکھنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ انوشکا شرما شو میں 3 مرتبہ بطور مہمان شرکت کر چکی ہیں، جبکہ سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی آج تک ’کافی ود کرن‘ میں نظر نہیں آئے۔