بالی ووڈ کے شہنشاہ، لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے فلم کی شوٹنگ کے دوران گھٹنا زخمی ہونے کا انکشاف کر کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سینئر اداکار نے کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی حالیہ قسط کے دوران اپنی صحت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا ہے۔
کوئز شو کا آغاز بھرپور توانائی کے ساتھ کرنے والے امیتابھ بچن نے بتایا کہ مجھے گزشتہ روز شوٹنگ کے دوران گھٹنے میں چوٹ لگ گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ عام طور پر میں درمیان میں کھڑے ہو کر اپنا ابتدائی مونولاگ کرتا ہوں لیکن آج میرا گھٹنا زخمی ہے، گزشتہ روز شوٹنگ کے دوران میرا پاؤں پھسلا اور میں گر گیا تھا، جس کے سبب میرا گھٹنا زخمی ہو گیا۔
83 سالہ اداکار نے اپنے زخم کے بارے میں بتاتے ہوئے بائیں گھٹنے کی جانب اشارہ کیا، جس پر اسٹوڈیو میں موجود ناظرین نے تشویش کا اظہار کیا، اس پر امیتابھ بچن نے فوراً واضح کیا کہ زخم زیادہ سنگین نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں امیدواروں کے ساتھ پروگرام کی میزبانی کے لیے کھڑا ہوں گا، تاہم ابتدائی مونولاگ کے لیے بیٹھنے کو ترجیح دی کیونکہ مجھے کھڑے ہونے میں تھوڑی دشواری پیش آ رہی تھی۔
اسٹوڈیو میں موجود ناظرین نے بھی امیتابھ بچن کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی کر رہے ہیں، یہ شو پہلی مرتبہ 3 جولائی 2000ء کو نشر ہوا تھا اور اس کی میزبانی امیتابھ بچن نے کی تھی۔