پاکستانی اداکارہ حرا سومرو نے شوبز انڈسٹری میں عمر سے متعلق تبصروں پر بعض سینئر خواتین ساتھی اداکاراؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
حرا سومرو نے انسٹاگرام پر اپنے شوہر کے ساتھ شادی کی ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے عمر کے حوالے سے ہونے والی گفتگو پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ نے کہا ہے کہ میں ان کئی پاکستانی اداکاراؤں سے کافی کم عمر ہوں جن کے ساتھ میں کام کر چکی ہوں اور مجھے عمر کے معاملے پر کوئی پریشانی نہیں، تاہم اب صورتِ حال مجھے عجیب محسوس ہونے لگی ہے۔
حرا سومرو نے بغیر کسی اداکارہ کا نام لیے دعویٰ کیا ہے کہ بعض سینئر اداکارائیں اس لیے مجھے اپنے آپ سے بڑا ظاہر کرنے کی کوشش کرتی ہیں کیونکہ میں بچوں کی ماں ہوں۔
اداکارہ نے کہا ہے کہ میں نے بہت کم عمر میں شادی کی تھی اور بچوں کی ماں بننے کا یہ مطلب نہیں کہ میری عمر ان سینئر اداکاراؤں کے برابر یا ان سے زیادہ ہو گئی ہے۔
حرا سومرو نے کہا ہے کہ براہِ کرم میری عمر کو چھوڑ دیں اور اپنی عمر کی فکر کریں۔
حرا سومرو ’تیرے بن‘ اور ’جانِ جہاں‘ سمیت متعدد مقبول پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کر چکی ہیں، اداکارہ نے کم عمر میں شادی کی تھی اور وہ 2 بچوں کی والدہ ہیں۔