سائرہ پیٹر 10 سال بعد اپنے لندن سے اپنے شہر کراچی پہنچ رہی ہیں۔ 25 ستمبر کو ناپا اکیڈمی میں پہلی بار اوپیرا موسیقی، صوفی اوپیرا نائٹ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔
ناپا اکیڈمی کے چیئرمین سید جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ہم نے ہمیشہ آرٹ و کلچر کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا ہے، اس مرتبہ شاندار صوفی اوپیرا نائٹ کا اہتمام کر رہے ہیں۔
اس موقع پاکستان کی پہلی اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر اوپیرا کے ساتھ پاکستانی کلاسیکی موسیقی بھی پیش کریں گی۔
یاد رہے کہ سائرہ پیٹر نے مغربی کلاسیکی موسیقی اور پاکستانی کلاسیکی موسیقی کے امتزاج سے ایک منفرد صنف صوفی اوپیرا متعارف کروا کر موسیقی کی دنیا میں ایک نئی جہت پیدا کی۔
وہ دونوں طرزِ موسیقی میں باقاعدہ تربیت یافتہ ہیں اور ان کی منفرد صلاحیت یہ ہے کہ وہ کسی بھی صوتی معیار کو متاثر کیے بغیر، حتیٰ کہ ایک ہی سانس میں دونوں طرز کے درمیان روانی سے منتقل ہو سکتی ہیں۔
سائرہ کا مقصد پاکستان کی صوفیانہ روحانی اقدار یعنی ہم آہنگی، امن اور محبت کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنا ہے۔
اسی مقصد کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے انہوں نے لندن کی کوئین میری یونیورسٹی سے تاریخ، اسلام اور مغرب کے موضوع پر دوسری ماسٹرز ڈگری حاصل کی، تاکہ یہ جان سکیں کہ ماضی میں مختلف معاشرے اور برادریاں کس طرح کامیابی سے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ رہتی رہی ہیں۔