اسلام آباد: (93ا نیوز) وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنے بیٹوں سے بات کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، بانی پی ٹی آئی کی صحت کے پیش نظر ان کو ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے، حکومت انسانی ہمدردی اور قانونی تقاضوں کو مقدم رکھتی ہے، ہر قیدی کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ صحت جیسے حساس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، پاکستان تحریکِ انصاف کو چاہئے بے بنیاد پروپیگنڈا یا سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے، اس معاملے کو سیاست کی نذر کرنے کے بجائے قومی سنجیدگی اور برداشت کا مظاہرہ کریں۔