(اویس کیانی) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس قدرتی وسائل، نوجوان افرادی قوت اور بلند حوصلہ موجود ہے جو چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے MG کی پاکستان میں فلیگ شپ ڈیلرشپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ملک کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک نئے دور کی علامت ہے۔ یہ تقریب ترقی، تنوع اور جدید طرزِ صنعت کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔MG پر پاکستانی صارفین کے اعتماد اور پذیرائی نے کمپنی کے ترقیاتی سفر کو مزید مستحکم کیا ہے۔MG کی مسلسل سرمایہ کاری اور کاروبار میں اضافے پاکستان کے مارکیٹ پوٹینشل اور ہنرمند نوجوانوں پر اعتماد کی عکاس ہے۔ یہ کامیابی ملک میں پائیدار صنعتی ترقی، تکنیکی پیش رفت اور معاشی خوشحالی کے وسیع امکانات کو ظاہر کرتی ہے ۔ ایسے اقدامات ہمیں وسیع تر سوچ، جدت، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کے ذریعے دنیا کے مقابل آنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔پاکستان کے پاس قدرتی وسائل، نوجوان افرادی قوت اور بلند حوصلہ موجود ہے جو چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرسکتا ہے۔MG کی پیش رفت سے مقامی سپلائرز، انجینئرز اور کاروباری افراد کو معیار بلند کرنے اور ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرنے کا موقع ملے گا۔