بھارتی اداکارہ جینیفر ونگٹ نے کہا ہے کہ شادی کے باوجود کام اور اداکاری کے حوالے سے کچھ نہیں بدلا۔
جینیفر ونگٹ نے حال ہی میں ولیم اشماعیل سے شادی کی ہے، اپنی آنے والی او ٹی ٹی سیریز ’شک: ٹرسٹ نو ون‘ کے ٹریلر لانچ کے موقع پر جینیفر سے شادی کے بعد زندگی میں آنے والی ترجیحات کے بارے میں سوال کیا گیا۔
اداکارہ نے جواب دیا کہ میری ترجیحات میں معمولی تبدیلی ضرور آئی ہے، تاہم اداکاری اور کام کے حوالے سے میرا طریقہ کار وہی ہے، کچھ نہیں بدلا، میری ابھی شادی ہوئی ہے، باقی سب ویسا ہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں زندگی میں توازن کو بہت اہمیت دیتی ہوں اور اپنے کام کے ماحول اور ساتھ کام کرنے والے لوگوں کا خاص خیال رکھتی ہوں۔
اداکارہ نے ماں بننے سے متعلق گردش کرتی خبروں کو مسترد کر دیا اور کہا ہے کہ شادی ہو جانے کا مطلب یہ نہیں کہ مجھے اپنا کیریئر روک دینا ہو گا۔
جینیفر ونگٹ کی آنے والی سیریز ’شک: ٹرسٹ نو ون‘ رنسل ڈی سلوا اور سدھارتھ پی ملہوترا نے تخلیق کی ہے۔
سیریز میں پرینیتی چوپڑا، تہیر راج بھاسین، سونی رازدان، انوپ سونی، ہرلین سیٹھی، دھروو چوہدری اور سمر ویاس بھی شامل ہیں، سیریز 24 ستمبر 2026ء کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہو گی۔