یورپی یونین کے خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے تمام رکن ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیاں بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں کایا کالاس نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے بستیوں کی توسیع دو ریاستی حل کے قابلِ عمل امکانات کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یورپی یونین غزہ اور مغربی کنارے کے لیے انسانی امداد کا سب سے بڑا عطیہ دہندہ ہے اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر ایک جامع، منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔
کایا کالاس کے مطابق دو ریاستی حل کے تحت دونوں ریاستیں محفوظ اور تسلیم شدہ سرحدی حدود میں ایک دوسرے کے ساتھ پُرامن طور پر رہیں گی۔
ان کا یہ بیان برطانیہ سمیت 12 ممالک کی جانب سے اسرائیلی بستیوں کو ہدف بنانے والی تجارتی پابندیوں کی حمایت کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔