بالی ووڈ کے معروف اداکار پنکج ترپاٹھی نے انکشاف کیا ہے کہ میں خود بھی اس بات سے لاعلم ہوں کہ فلم ساز مجھے بار بار گینگسٹر اور جرائم پیشہ افراد کے کردار کیوں پیش کرتے ہیں، حالانکہ حقیقی زندگی میں میری شخصیت ان کرداروں سے بالکل مختلف ہے۔
پنکج ترپاٹھی نے اپنے کیریئر میں کئی یادگار منفی اور جرائم پیشہ کردار ادا کیے ہیں، جن میں ’گینگز آف واسع پور‘ میں سلطان قریشی، ’لوڈو‘ میں ستّو بھیا اور ’مرزا پور‘ میں اکھنڈانند ترپاٹھی المعروف قالین بھیا شامل ہیں۔
اداکار نے فلم فیئر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے واقعی معلوم نہیں کہ فلم ساز مجھے گینگسٹر کے کرداروں کے لیے مسلسل کیوں منتخب کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سچ کہوں تو مجھے نہیں معلوم کہ فلم ساز مجھے بار بار گینگسٹر کے کردار کیوں دیتے ہیں، چاہے ’لوڈو‘ کا ستّو بھیا ہو یا کوئی اور کردار، وہ یہ کردار مجھے ذہن میں رکھ کر لکھتے رہتے ہیں۔
پنکج ترپاٹھی کا کہنا ہے کہ حقیقت میں میں’مسان‘ کے اپنے کردار جیسا زیادہ ہوں، جو بس ٹکٹ بک کروانا اور بیٹھ کر زندگی کو گزرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاید فلم ساز مجھ میں کچھ اور دیکھتے ہیں یا پھر ان کرداروں کے لیے ناظرین کی جانب سے ملنے والی محبت ہی مجھے دوبارہ ایسے کردار دینے پر مجبور کرتی ہے۔
اداکار نے کہا کہ ان تاریک اور منفی کرداروں نے مجھے اپنے اندر موجود ایک دبی ہوئی غصے کی کیفیت کو دریافت کرنے میں بھی مدد دی ہے۔
آنے والی فلم ’مرزا پور: دی مووی‘ میں ایک بار پھر قالین بھیا کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے پنکج ترپاٹھی نے کہا کہ میرے لیے یہ کردار ہر مرتبہ بالکل نیا ہوتا ہے، کیونکہ بڑی اسکرین پر پیش کی جانے والی کہانی اور واقعات ناظرین نے پہلے نہیں دیکھے ہوتے، اس لیے یہ تجربہ میرے ساتھ ساتھ ناظرین کے لیے بھی تازہ ہوتا ہے۔