اسرائیل سے تعلق رکھنے والی ہالی ووڈ اداکارہ گال گیڈوٹ نے اپنی نئی فلم کے پریمیئر کے موقع پر ایک حیران کُن انکشاف کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 2 ستمبر کو ریلیز کے لیے شیڈول فلم ’دی رنز‘ کے پریمیئر کے موقع پر 41 سالہ گال گیڈوٹ نے کہا کہ فلم کے لیے مجھے تربیت لینا پڑی کیونکہ میں کوئی دوڑنے والی ایتھلیٹ نہیں ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ میں ٹام کروز نہیں ہوں اور دوڑنا میری زندگی کا حصہ نہیں ہے، پہلے مجھے دوڑنے سے سخت نفرت تھی، اس لیے مجھے باقاعدہ دوڑنا سیکھنا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے 9 ماہ تک اولمپکس کے ایک بہترین ٹرینر کے ساتھ تیاری کی، جنہوں نے مجھے دوڑنے کے عمل کو کسی حد تک پسند کرنا سکھایا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم ’دی رنز‘ میں اداکارہ گال گیڈوٹ نے مایا مارٹن نامی خاتون کا کردار ادا کیا ہے جو لندن کی ایک مشہور وکیل ہے جسے صبح کے وقت معلوم ہوتا ہے کہ اس کے بیٹے کو اغواء کر لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کے بعد فلم میں اداکارہ کو حکم دیا جاتا ہے کہ وہ بھاگتی رہیں اور ملنے والی ہدایات پر عمل کریں اور کسی کو اس حوالے سے کچھ نہ بتائیں ورنہ ان کے بیٹے کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔