ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف غیر قانونی پابندیوں کو مسترد کرنے سے متعلق چین کے اصولی مؤقف کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ایران اور چین کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری باہمی احترام، مفادات پر مبنی تعاون اور کثیر قطبی دنیا کے مشترکہ وژن پر قائم ہے۔
محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ اس تعلق کے لیے کسی کی اجازت درکار نہیں۔
واضح رہے کہ چینی وزارتِ خارجہ نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ چین کا تعاون بین الاقوامی قانون کے مطابق ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ چین ایسی پابندیوں کی سخت مخالفت کرتا ہے جن کی بنیاد بین الاقوامی قانون یا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مینڈیٹ پر نہ ہو، اقتصادی جنگ اور دباؤ کسی مسئلے کا حل نہیں۔